اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر میں شامل
- منصوبہ دنیا کے پانچ کامیاب ترین ہاؤسنگ پروگرامز میں شامل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اہم منصوبے اپنی چھت، اپنا گھر کو ایک اور باوقار بین الاقوامی ایوارڈ کیلئے منتخب کرلیا گیا اور اسے دنیا کے پانچ کامیاب ترین ہاؤسنگ پروگرامز میں شامل قرار دیا گیا ہے۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ نے کم آمدن والے خاندانوں کو محفوظ اور مناسب رہائش کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس پروگرام کا انتخاب دنیا بھر میں جاری رہائشی منصوبوں کے مسابقتی اور جامع جائزے کے بعد کیا گیا۔ اپنی چھت، اپنا گھر کو یہ اعزاز 5 اکتوبر کو عالمی یومِ رہائش کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں دیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب آئندہ ماہ سلطنت عمان کے شہر مسقط میں منعقد ہوگی جبکہ 6 سے 8 اکتوبر تک مسقط میں رہائش اور شہری ترقی کے موضوع پر خصوصی سیمینارز اور ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی۔
دنیا بھر سے ہر سال صرف پانچ پروگرامز کو اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر کے لیے 260 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ یہ پروگرام پاکستان کی سب سے بڑی اور پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔
پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 34 ہزار 439 مکانات کی تعمیر کے لیے 196 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں 65 ہزار مکانات کے لیے 62 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے گئے۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت تعمیر کیے گئے مکانات میں تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار خاندان پہلے ہی منتقل ہوچکے ہیں۔