وزیراعظم کی سمیڈا کو جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت
- وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے سمیڈا کے اقدامات کا جائزہ اجلاس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے سمیڈا کو جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے سمیڈا کے اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروباری مواقع، مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز اور کاروباری شعبے میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرامز کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے زرعی اجناس کی پیداوار اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ صنعتی پیداوار کی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے دنیا کے بہترین طریقہ ہائے کار سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سمیڈا متعلقہ اداروں کے تعاون سے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔