✕
دنیا

مسک کی ایکس کارپ اور اسپیس ایکس اے آئی کا ایپل کے خلاف اجارہ داری مخالف مقدمہ نمٹا دیا گیا

  • ایلون مسک کی ایکس کارپ اور اسپیس ایکس اے آئی نے ایپل کے خلاف مقدمہ نمٹا لیا، اے آئی مارکیٹ پر اجارہ داری کا الزام عائد کیا گیا تھا، اہم قانونی تنازع اختتام پذیر ہوگیا
شائع اپ ڈیٹ

ایلون مسک کی ایکس کارپ اور اسپیس ایکس اے آئی نے پیر کو کہا ہے کہ انہوں نے ٹیکساس کی وفاقی عدالت میں دائر مقدمہ نمٹا لیا ہے، جس میں ایپل پر اسمارٹ فونز اور تخلیقی مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹس کی مارکیٹ میں غیر قانونی اجارہ داری قائم کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں ایکس کارپ اور اسپیس ایکس اے آئی نے ایپل کے خلاف گزشتہ سال دائر کیے گئے مقدمے کو خارج کرنے کی استدعا کی۔ درخواست میں مقدمہ خارج کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی یہ کہا گیا کہ فریقین کے درمیان کوئی تصفیہ طے پایا ہے۔

مقدمے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپل نے آئی فونز اور اپنے دیگر آلات میں مصنوعی ذہانت سے متعلق خصوصیات کے لیے چیٹ جی پی ٹی کو خصوصی طور پر مربوط کرکے اجارہ داری مخالف قوانین کی خلاف ورزی کی۔ اس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ایپل نے اوپن اے آئی کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے حریف کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر مارکیٹ سے باہر رکھا۔

ایکس کارپ اور اسپیس ایکس اے آئی نے کہا کہ وہ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف اپنے دعووں کی پیروی جاری رکھیں گی، جو اس مقدمے میں فریقِ مدعا علیہ بھی ہے۔

مسک کی کمپنیوں، ایپل اور اوپن اے آئی نے تبصرے کے لیے کی جانے والی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔