✕
کاروبار اور معیشت

ایف بی آر نے ای مانیٹرنگ کے بغیر فیکٹریوں سے سامان کی منتقلی روکنے کی ہدایت کردی

  • الیکٹرانک مانیٹرنگ کے بغیر مال کی منتقلی کی صورت میں سامان سمیت نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا جائے گا
شائع اپ ڈیٹ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انلینڈ ریونیو کی فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ ان فیکٹریوں یا پیداواری مراکز سے تیار شدہ مصنوعات کی منتقلی روک دی جائے جہاں الیکٹرانک مانِٹرنگ سسٹم نصب نہیں ہیں۔

جاری ہدایات کے مطابق فیڈرل ایکسائز ایکٹ کے سیکشن 26 (1) میں ترمیم کے تحت ایکسائز ایبل سامان کی ضبطگی کے دائرہ کار کو پروڈکشن مانِٹرنگ سسٹم کے ذریعے نگرانی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس ترمیم کے بعد الیکٹرانک مانِٹرنگ کے بغیر مال کی منتقلی کی صورت میں سامان سمیت نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا جائے گا۔

مزید برآں رجسٹرڈ افراد کے لیے معاف شدہ (ایگزیمپٹ) سپلائیز اور پیشگی وصولیوں پر ایف بی آر کا تصدیق شدہ یونیک انوائس نمبر درج کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کے اس اقدام سے رجسٹرڈ افراد کی تمام تجارتی سرگرمیوں میں مزید شفافیت آئے گی۔