کراچی میں کل سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
- اس کے زیر اثر 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے
کراچی میں 14 سے 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنی موسم کی پیش گوئی میں کہا کہ مون سون کا کم دباؤ شمال مغربی خلیج بنگال اور اس سے ملحقہ بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ساحلی علاقے پر موجود ہے اور مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے زیر اثر 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر درمیانی اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی ڈویژن میں بھی کل سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ہفتے کو کراچی میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔