کیف پر روسی فضائی حملے، 6 افراد زخمی
- کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے بتایا کہ حملے امریکی امن مذاکرات کاروں کی روانگی کے کچھ ہی دیر بعد کیے گئے۔
روس نے منگل کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ایک بار پھر فضائی حملے کیے، جن میں بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔ کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے بتایا کہ حملے امریکی امن مذاکرات کاروں کی روانگی کے کچھ ہی دیر بعد کیے گئے۔
کلیچکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ روسی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد ایک رہائشی عمارت میں لوگ پھنس گئے، جبکہ کیف کے مختلف علاقوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
کیف ملٹری ایڈمنسٹریشن کے مطابق ملبہ گرنے سے 5 منزلہ اپارٹمنٹ عمارت اور 3 منزلہ رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی اپیل کی۔
کیف میں دھماکوں کی آوازوں کے دوران پڑوسی ملک پولینڈ نے اپنی فضائی حدود کی ممکنہ خلاف ورزی کے خطرے کے پیش نظر فوجی طیاروں کی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولینڈ نیٹو اور یورپی یونین کا رکن ہے۔
روسی حملے امریکی امن مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد روانگی کے فوراً بعد دوبارہ شروع ہوئے۔ ٹرمپ انتظامیہ یوکرین میں جاری ساڑھے 4 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کررہی ہے۔
دریں اثنا روس کے شہر ساراتوف میں یوکرینی ڈرون حملوں سے شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا اور افراد زخمی ہوئے۔ یہ شہر ماسکو سے تقریباً 730 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔