پٹرولیم قیمتوں میں یومیہ تبدیلی کاروباری منصوبہ بندی متاثر کررہی ہے، سلیم میمن
- مؤثر اور متوازن طریقہ کار متعارف کرایا جائے، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز
حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں روزانہ تبدیلیوں نے چھوٹے تاجروں، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کے لیے اپنے کاروبار کی منصوبہ بندی اور گھریلو بجٹ کا انتظام کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مؤثر اور متوازن طریقہ کار متعارف کرایا جائے جس میں عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھا جائے، تاہم عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا مکمل بوجھ براہِ راست پاکستانی صارفین اور کاروباری برادری پر نہ ڈالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ صرف پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال اور مسلسل اتار چڑھاؤ ہے۔ آج سامان خریدنے والے تاجر کو یہ واضح نہیں ہوتا کہ کل اس سامان کی ترسیل، خام مال کی خریداری یا لاجسٹکس کے انتظام پر کتنی لاگت آئے گی۔
اسی طرح صنعتکاروں کے لیے اپنی پیداواری لاگت کا درست اندازہ لگانا مشکل ہوتا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کو بھی مال برداری اور نقل و حمل کے کرایوں کے تعین میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف پٹرول پمپس تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے براہِ راست اثرات خام مال کی ترسیل، تیار شدہ مصنوعات کی نقل و حرکت، کارخانوں میں جنریٹرز کے استعمال، زرعی مشینری، گوداموں، تقسیم کے نظام، منڈیوں تک رسائی اور ملازمین کی روزانہ آمدورفت پر پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتیجتاً پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے بعد تھوک اور پرچون قیمتیں بڑھتی ہیں اور بالآخر اس کا بوجھ عام صارف پر منتقل ہوجاتا ہے۔