✕
ٹیکنالوجی

لیپ 2026 : پاکستانی ایڈٹیک اسٹارٹ اپ ایڈورسٹی کو ریپڈِو سے اسٹریٹجک سرمایہ کاری حاصل

  • سعودی عرب کے اہم ٹیکنالوجی اور جدت کے ایونٹ میں دونوں کمپنیوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستانی ایڈٹیک اسٹارٹ اپ ایڈورسٹی نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ لیپ 2026 کے موقع پر ریپڈیو گروپ سے اسٹریٹجک سرمایہ کاری حاصل کرلی ہے، جو سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور عالمی مارکیٹوں میں اپنے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے تعلیمی پلیٹ فارم کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

دونوں کمپنیوں نے سعودی عرب کے اہم ترین ٹیکنالوجی اور جدت کے ایونٹ میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کے تحت ٹیکنالوجی، تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی پر مرکوز اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی جائے گی۔

دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے بھی شرکت کی۔

ایڈورسٹی کے مطابق اس شراکت داری کے ذریعے اسٹارٹ اپ کو سرمایہ، انجینئرنگ کی صلاحیتوں، انتظامی تجربے اور بین الاقوامی نیٹ ورکس تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے اسے ترقی کے آئندہ مرحلے میں مدد ملے گی۔

برج اسٹارٹ پاکستان کے ذریعے ایڈورسٹی کو سعودی عرب میں توسیع کے لیے بھی معاونت حاصل ہوئی، جس میں دی گیراج ایکسیلیریشن پروگرام میں شرکت بھی شامل ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے اسٹارٹ اپ کو سعودی عرب کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم، مارکیٹ کے مواقع، کاروباری نیٹ ورکس اور کاروبار کو وسعت دینے کے ممکنہ راستوں تک رسائی حاصل ہوئی۔

2021 میں پاکستان میں قائم ہونے والے ایڈورسٹی کو وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت اگنائٹ کی معاونت حاصل ہے۔ اسٹارٹ اپ اب تک 12,500 سے زائد افراد کو مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا، بلاک چین اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت دے چکا ہے۔

اس اسٹارٹ اپ کے مطابق منتخب گروپس میں اس کے تربیت یافتہ افراد کے روزگار حاصل کرنے کی شرح 70 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

ریپڈیو نے کہا کہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری سے ایڈورسٹی کی بین الاقوامی توسیع اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اس کے تعلیمی پلیٹ فارم کی مزید ترقی میں مدد ملے گی۔

ریپڈیو نے لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت باہمی تعاون کو مضبوط بنانے، جدت کو فروغ دینے اور مستقبل میں نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ایڈورسٹی کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان کے ٹیکنالوجی اور تعلیمی شعبے میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس عالمی مارکیٹوں کے لیے مؤثر حل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایڈورسٹی کی ٹیم نے لیپ 2026 میں شرکت کی، جہاں اس نے مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی کے مستقبل پر ہونے والی گفتگو میں حصہ لیا۔ ٹیم نے ریپڈیو گروپ آف کمپنیز کے تحت ریپکس اور اولسینس کے ساتھ بھی اپنے منصوبے پیش کیے۔

31 اگست سے 3 ستمبر تک ریاض میں منعقد ہونے والے لیپ 2026 میں دنیا بھر سے ٹیکنالوجی کے رہنماؤں، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور جدت کاروں نے شرکت کی۔

ریپڈیو گروپ ذہین سافٹ ویئر اور محفوظ ہارڈ ویئر تیار اور فراہم کرتا ہے۔