✕
بی آر ریسرچ

مہنگائی میں دوبارہ اضافہ، شرح سود میں کمی کی گنجائش محدود

  • ماہانہ بنیاد پر بھی مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ 1 فیصد سے زیادہ رہی اور اس میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا
شائع اپ ڈیٹ

جیسا کہ توقع تھی کنزیومر پرائس انفلیشن ایک بار پھر بتدریج بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور ان کے بالواسطہ اثرات ہیں، جبکہ گندم کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ ہیڈ لائن انفلیشن ایک ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں آگئی اور اگست میں 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ جولائی میں یہ 9.2 فیصد تھی۔

ماہانہ بنیاد پر بھی مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ 1 فیصد سے زیادہ رہی اور اس میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ صورتحال اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی سے متعلق محتاط مؤقف کو تقویت دیتی ہے، کیونکہ توقع ہے کہ مالی سال 27 کے دوران مہنگائی اپنے درمیانی مدت کے 5 سے 7 فیصد ہدف سے اوپر رہے گی۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ جاری امریکا ایران جنگ اور عالمی سطح پر توانائی کی بلند قیمتوں کے باعث خطرات میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔

کور انفلیشن بھی بدستور مستحکم ہے اور مسلسل پانچویں ماہ 8 سے 9 فیصد کی رینج میں رہی ہے۔ شہری صارفین کے لیے یہ 8.8 فیصد جبکہ دیہی صارفین کے لیے 8.5 فیصد رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی قیمتوں کا دباؤ ابھی نمایاں طور پر کم نہیں ہوا۔

فوڈ انفلیشن میں ماہانہ 1.7 فیصد اضافہ ہوا، جس میں خراب نہ ہونے والی اشیا کی قیمتیں 1.2 فیصد جبکہ خراب ہونے والی اشیا کی قیمتیں 4.4 فیصد بڑھیں۔ دیہی علاقوں میں دباؤ زیادہ نمایاں رہا، جہاں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں فوڈ پرائسز 2.3 فیصد بڑھیں۔ پیاز کی قیمت میں 48.4 فیصد، آلو کی قیمت میں 10.6 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 10.4 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کا کچھ حصہ موسمی نوعیت کا ہے اور ممکن ہے کہ قیمتیں دوبارہ اپنے اوسط کی جانب واپس آجائیں، جبکہ ٹرانسپورٹیشن کاسٹ میں اضافہ بھی فوڈ پرائسز پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

تاہم زیادہ مستقل تشویش گندم کی ہے۔ دیہی علاقوں میں گندم کی قیمتوں میں ماہانہ 7.7 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 5.3 فیصد اضافہ ہوا۔ سالانہ بنیاد پر گندم کی قیمتیں شہری صارفین کے لیے حیران کن طور پر 87 فیصد جبکہ دیہی صارفین کے لیے 73 فیصد بڑھ چکی ہیں۔ عالمی سطح پر بلند قیمتیں اور حکومت کے کم اسٹاک مل کر گندم کی قیمتوں کو بلند رکھے ہوئے ہیں اور امکان ہے کہ یہ مجموعی فوڈ انفلیشن کو مزید متاثر کرتی رہیں گی۔

ٹرانسپورٹیشن میں ماہانہ بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 3.4 فیصد رہا، جبکہ سالانہ اضافہ 20.2 فیصد تک پہنچ گیا۔ عالمی سطح پرپیٹرولیم کی مسلسل بلند قیمتیں اس کی بنیادی وجہ ہیں۔ صرف کروڈ پرائسز کو دیکھنے سے اس کا مکمل اثر سامنے نہیں آتا، کیونکہ ریفائننگ کریک مارجنز، خصوصاً ایچ ایس ڈی کے لیے، بدستور بلند ہیں۔ اس کے باعث مقامی پیٹرولیم پرائسز بلند ہیں، جبکہ حکومت بنیادی کاسٹس میں کسی بھی کمی کو مکمل طور پر صارفین تک منتقل کرنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی کلیکشنز برقرار رکھے ہوئے ہے۔

تشویش کی بات یہ ہے کہ یہ دباؤ بتدریج مہنگائی کی توقعات کو تبدیل کر رہے ہیں اور وسیع تر بنیادوں پر مہنگائی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس وقت سب سے نمایاں اثر خراب ہونے والی اشیا پر ہے، تاہم دیگر شعبوں میں بھی دباؤ ابھر رہا ہے۔ واٹر سپلائی چارجز میں ماہانہ 4.2 فیصد جبکہ الیکٹریسٹی چارجز میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا، کیونکہ بلند فیول کاسٹس ایف سی اے کو بلند رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئل اور گیس پرائسز اس صورتحال میں مشترکہ عنصر ہیں۔

سالانہ بنیاد پر ایل پی جی کی قیمتوں میں 56 فیصد جبکہ موٹر فیول پرائسز میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اگر توانائی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہتا ہے تو اس کے اثرات انفلیشن باسکٹ کے مزید شعبوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔ بہت کچھ امریکا ایران تنازع کی سمت پر منحصر ہوگا، جبکہ آبنائے ہرمز کے گرد رکاوٹیں اور متبادل سپلائی روٹس عالمی توانائی قیمتوں پر اضافے کا دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

بیرونی اکاؤنٹ بھی اس دباؤ کو محسوس کر رہا ہے۔ بلند امپورٹ پرائسز ریئل ایفیکٹیو ایکسچینج ریٹ (ریئر) کو اوپر دھکیل رہی ہیں، جس کا انڈیکس اب تقریباً 108 کے قریب ہے، جو بڑی حد تک حالیہ ڈومیسٹک انفلیشن میں تیزی کی عکاسی کرتا ہے۔ ریئر کو دوبارہ 100 کے قریب لانے کے لیے، دیگر عوامل میں بڑی تبدیلی نہ ہونے کی صورت میں، پی کے آر/یو ایس ڈی ایکسچینج ریٹ کا 300 کی سطح عبور کرنا ضروری ہوسکتا ہے۔

حکومت کرنسی کی قدر میں بامعنی کمی کی اجازت دینے سے بدستور گریزاں ہے۔ اس کے بجائے نومینل ایکسچینج ریٹ میں بتدریج اضافہ ہونے دینے سے اسٹیٹ بینک کے پاس بیرونی اکاؤنٹ پر دوبارہ دباؤ کے خطرے کے بغیر مانیٹری پالیسی میں نرمی کی گنجائش بہت کم رہ جاتی ہے۔ اگست کی مہنگائی کی سطح پر ریئل پالیسی ریٹ بمشکل 0.4 فیصد مثبت ہے۔ مالی سال 27 کی متوقع مہنگائی کی بنیاد پر ریئل ریٹ اس وقت تقریباً 2 سے 3 فیصد ہے، اور امکان نہیں کہ اسٹیٹ بینک اسے ان سطحوں سے نمایاں طور پر نیچے جانے دے گا۔

دوسرے الفاظ میں، آئندہ چند ریویوز کے دوران ریٹ کٹس کا جواز پیش کرنا بتدریج مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اگر مہنگائی اور بیرونی دبائو برقرار رہتے ہیں تو خطرہ اس کے برعکس ایک اور ریٹ ہائیک کی جانب بڑھ سکتا ہے۔