بلوچستان میں 21 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار شہید
- دہشت گردوں نے بھتہ وصولی کے لیے این 40 پر غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، آئی ایس پی آر
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندستان اور فتنۃ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 6 اہلکار شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 31 اگست کو فتنۃ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بھتہ وصولی کے لیے غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرکے این 40 کوئٹہ تفتان ہائی وے پر مسافروں کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کرکے اسے اپنے قبضے میں لینے کی کوشش میں مربوط کارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کے قانونی فرائض انجام دینے سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افسران اور محکمہ کسٹم کے ایک سرکاری اہلکار سمیت دھرتی کے چھ بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت جاری بلاامتیاز انسدادِ دہشت گردی مہم مکمل عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونِ ملک سے اسپانسر اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔