✕
دنیا

بچوں میں سوشل میڈیا لت کے مقدمات، میٹا نے 18 ارب ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کرلیا

  • یہ معاہدہ ان الزامات کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے کہ کمپنی نے بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے لیے اپنی پلیٹ فارمز کو ڈیزائن کیا۔
شائع اپ ڈیٹ

میٹا پلیٹ فارمز نے امریکی ریاستوں کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت آئندہ 10 برس کے دوران 18 ارب ڈالر تک ادا کرنے اور نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ معاہدہ ان الزامات کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے کہ کمپنی نے بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے لیے اپنی پلیٹ فارمز کو ڈیزائن کیا۔

بدھ کو اعلان کیے گئے معاہدوں کے بعد میٹا کے خلاف وفاقی مقدمے کی سماعت ختم ہوگئی۔ کیلیفورنیا، کولوراڈو، کینٹکی اور نیو جرسی سمیت متعدد ریاستوں نے الزام عائد کیا تھا کہ میٹا کی مصنوعات بچوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور کمپنی نے پلیٹ فارمز کی حفاظت سے متعلق عوام کو گمراہ کیا۔

معاہدے کے تحت میٹا آئندہ 10 برس تک نوجوانوں کے فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کو روزانہ 2 گھنٹے تک محدود کرے گا اور والدین کی اجازت کے بغیر رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک استعمال روک دیا جائے گا۔ اسکول کے اوقات صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک نوجوان صارفین کو زیادہ تر پش نوٹیفکیشن بھی نہیں بھیجے جائیں گے۔

میٹا بچوں کی عمر سے متعلق پابندی والے مواد تک رسائی روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی بہتر بنائے گا۔ تاہم معاہدے میں ذاتی نوعیت کی سفارشات یا ہدفی اشتہارات ختم کرنے کی شرط شامل نہیں ہے۔

کمپنی 47 امریکی ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور دیگر امریکی علاقوں کو زیادہ سے زیادہ تقریباً 16.7 ارب ڈالر ادا کرے گی۔ میٹا نے تقریباً 12.7 ارب ڈالر کی ادائیگی کی ضمانت دی ہے جبکہ مزید 5 ارب ڈالر اس صورت میں ادا کیے جائیں گے جب اسنیپ چیٹ، ٹک ٹاک اور یوٹیوب بھی بچوں کے تحفظ کے لیے اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کریں۔

میٹا نے کسی غلطی کا اعتراف نہیں کیا۔ کمپنی کے مطابق نوجوانوں کو پلیٹ فارمز پر محفوظ اور مثبت تجربہ فراہم کرنا اس کی اہم ترجیح ہے۔

معاہدے میں کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل سے متعلق پرائیویسی دعووں کے تصفیے کے لیے مزید 459 ملین ڈالر کی ادائیگی بھی شامل ہے۔

دریں اثنا، سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف بچوں میں ذہنی صحت کے بحران اور پلیٹ فارمز کی مبینہ لت سے متعلق ہزاروں مقدمات اب بھی امریکی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔