✕
کاروبار اور معیشت

حکومت کی فارن ٹریڈ ونگز کو ملک وار ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت

  • وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت فارن ٹریڈ ونگز کا اہم داخلی اجلاس ہوا
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت فارن ٹریڈ ونگز کا اہم داخلی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی برآمدات میں اضافے، نئی منڈیوں تک رسائی اور تجارتی روابط کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر تجارت نے برآمدات بڑھانے کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی حوصلہ افزا نمو پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جام کمال خان نے نئی منڈیوں تک رسائی، مضبوط بی ٹو بی روابط اور بیرونِ ملک تجارتی مشنز کے ساتھ رابطے مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے چاول، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، فارماسیوٹیکل، پراسیسڈ فوڈ، لائٹ انجینئرنگ اور سروسز کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ فارن ٹریڈ ونگز ترجیحی مصنوعات اور مارکیٹ رسائی کے لیے ملک وار ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدے پاکستان کے لیے متوازن اور بامعنی تجارتی فوائد کے حامل ہونے چاہئیں۔

جام کمال خان نے زیر التوا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی اور جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس جلد منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے وزارتِ تجارت، وزارتِ خارجہ، بیرونِ ملک پاکستانی مشنز اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطے مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔