✕
پاکستان

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سرکاری دورے سے قبل لندن پہنچ گئے

  • وہ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کریں گے اور صومالی بحری قزاقوں کے زیرِ حراست پاکستانی عملے کی رہائی کا معاملہ اٹھائیں گے
شائع اپ ڈیٹ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اتوار کی شب لندن پہنچ گئے، جہاں وہ 24 سے 28 اگست تک برطانیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر قیام کریں گے۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹِپو عثمان اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار برطانوی اعلیٰ حکام سے اہم دوطرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں پاک برطانیہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ تجارت، معیشت اور علاقائی تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری دورے سے قبل اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ، دفتر خارجہ کے وزیر مملکت برائے پاکستان اسٹیفن ڈوٹی اور برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے اور ایم ٹی آنر 25 آئل ٹینکر پر صومالی بحری قزاقوں کے زیرِ حراست پاکستانی عملے کے ارکان کا معاملہ اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ دولتِ مشترکہ کے سیکریٹری جنرل شرلی ایوورکور بوچوے سے بھی ملاقات ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دورے کے دوران برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ اور برطانوی پاکستانی برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔