✕
کاروبار اور معیشت

وزیر خزانہ اور آئی سی سی ڈی کا حلال برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال

  • محمد اورنگزیب سے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوی کی ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتی ہوئی حلال معیشت میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لیے مخصوص مصنوعات، شعبوں اور بین الاقوامی منڈیوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ایک بیان کے مطابق محمد اورنگزیب سے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون، حلال معیشت، اسلامی فنانس اور نجی شعبے میں وسیع تر تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ان کے ہمراہ البرکہ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عاطف حنیف اور آئی سی سی ڈی کی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز عالیہ جعفر بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں عالمی حلال معیشت کے بڑھتے ہوئے حجم اور پاکستان کے لیے حلال خوراک، فیشن، حلال سیاحت، خدمات اور دیگر صارفین کی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے زور دیا کہ حلال معیشت کے وسیع تصور سے آگے بڑھتے ہوئے مخصوص مصنوعات، شعبوں اور منڈیوں کی نشاندہی کی جائے جہاں پاکستانی کاروبار اپنی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت بڑھا سکیں۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی کاروباری برادری اور عالمی کاروباری نیٹ ورکس کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے چیمبر کے عالمی نیٹ ورک اور پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری برادری کے درمیان مزید روابط اور تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔

شیخ یوسف حسن خلوی نے محمد اورنگزیب کو اسلامی چیمبر کے بڑھتے ہوئے عالمی رابطوں اور مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں کے ساتھ اس کے روابط کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے عالمی سطح پر مسلم کاروباری برادریوں کو نجی شعبے اور ادارہ جاتی شراکت داروں سے منسلک کرنے اور حلال معیشت میں مزید تعاون کے فروغ کے لیے چیمبر کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

شرکا نے اسلامی مالی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور اسلامی معیشت و مالی شعبے میں کام کرنے والے عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے قابلِ عمل تجارتی مواقع پیدا کرنے اور مارکیٹ روابط بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

شیخ یوسف حسن خلوی نے حلال کاروبار کے فروغ، پائیدار سیاحت اور اسلامی اقتصادی تعاون کے حوالے سے عالمی تجربات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شعبہ جاتی سطح پر مواقع کی نشاندہی، بین الاقوامی منڈیوں میں طلب کو سمجھنے اور کاروباری اداروں کو تجارتی طور پر قابلِ عمل مصنوعات و خدمات تیار کرنے میں معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ساتھ اسلامی چیمبر کے تعاون کو سراہتے ہوئے کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عملی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی جاسکے۔ انہوں نے چیمبر کے تعاون سے پاکستانی کاروباری اداروں اور عالمی کاروباری نیٹ ورکس کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔