پاکستان

اسحاق ڈار کی برطانوی، امریکی سفیروں سے ملاقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تمام فریقوں کی جانب سے عملدرآمد ضروری ہے، نائب وزیر اعظم
شائع اپ ڈیٹ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعے کے روز برطانیہ اور امریکا کے سفارتی نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون اور حالیہ علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے اہم امور اور پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی گئی۔

نائب وزیراعظم نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیا اور اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر تمام فریقوں کو ’’مکمل طور پر طے شدہ نکات اور روح کے مطابق‘‘ عملدرآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

جین میریٹ نے اسحاق ڈار کو یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر نیک خواہشات پیش کیں۔

علاوہ ازیں، امریکا کی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا دوطرفہ تعاون اور حالیہ علاقائی صورتحال پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے دیرپا امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ 18 جون کو طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر ’’مکمل طور پر طے شدہ نکات اور روح کے مطابق‘‘ عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔