مارکٹس

ایپل نے علی بابا کے تعاون سے چینی مارکیٹ کے لیے اپنا اے آئی ماڈل تیار کرلیا

  • ایپل کی جانب سے چین کے لیے مخصوص اپنا ماڈل تیار کیے جانے کی خبر اس سے قبل رپورٹ نہیں ہوئی
شائع اپ ڈیٹ

معاملے سے واقف تین افراد کے مطابق ایپل نے خاص طور پر چینی مارکیٹ کے لیے ایک لارج لینگویج ماڈل تیار کرلیا ہے جو اس آئی فون ساز کمپنی کی اس حکمت عملی سے ہٹ کر ایک قدم ہے جس کے تحت وہ ملک میں اے آئی فیچرز کو چلانے کے لیے تھرڈ پارٹی ماڈلز پر انحصار کرتی تھی۔

ذرائع کے مطابق یہ مصنوعی ذہانت کا ماڈل علی بابا گروپ کے اشتراک سے تیار کیا گیا اور چینی ٹیکنالوجی کمپنی کی معاونت سے اسے تربیت دی گئی۔

ایپل کی جانب سے چین کے لیے مخصوص اپنا ماڈل تیار کیے جانے کی خبر اس سے قبل رپورٹ نہیں ہوئی۔

کمپنی اس سے قبل چین میں فروخت ہونے والے آئی فونز اور دیگر آلات میں جنریٹو اے آئی متعارف کرانے کے لیے مقامی شراکت داروں کے ماڈلز پر انحصار کرتی رہی ہے، کیونکہ وہاں امریکی ماڈلز جیسے اینتھروپک کا کلاڈ اور اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی دستیاب نہیں ہیں۔ امریکہ میں ایپل اپنی ٹیکنالوجی کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی کو بھی استعمال کرتا ہے۔

ایپل اور علی بابا نے تبصرے کے لیے کی جانے والی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز پر مشتمل ایپل انٹیلی جنس کے آئندہ چند ماہ کے دوران آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کی اپ ڈیٹ کے بعد چین میں متعارف ہونے کی توقع ہے۔