بلوچستان میں سیکورٹی آپریشن اور بارود سے بھری گاڑی کے دھماکے کے دوران 18 دہشت گرد ہلاک
- دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود دیگر دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا، جس سے قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے، آئی ایس پی آر
بلوچستان کے ضلع سوراب میں گاڑی میں نصب دیسی ساختہ بم (وی بی آئی ای ڈی) قبل از وقت پھٹنے اور اس کے بعد کیے گئے سیکیورٹی آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست کی صبح دہشت گرد ایک وی بی آئی ای ڈی تیار کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود دیگر دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتا لگا کر ان کا تعاقب کیا اور کارروائی میں مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کی گئی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔