پاکستان اور جاپان کے درمیان 2.2 ملین ڈالر کے گرانٹ معاہدے پر دستخط
- جاپان نے جائیکا کے توسط سے پاکستان کے لیے یہ گرانٹ فراہم کی ہے
حکومتِ پاکستان اور جاپان نے ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سکالرشپ پروگرام (جے ڈی ایس) 2026 کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 350 ملین جاپانی ین (2.2 ملین ڈالر) مالیت کے ایک گرانٹ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
وزارتِ اقتصادی امور میں منعقدہ تبادلۂ مراسلات اور معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم اور پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے ریکارڈ آف ڈسکشنز اور ایکسچینج آف نوٹس پر دستخط کیے۔
وزارتِ اقتصادی امور کی نمائندگی کرنے والے سینئر جوائنٹ سیکرٹری میران محی الدین سومرو اور جائیکا پاکستان کے چیف ریپریزنٹیٹو یوسُکے شینوزاکی نے گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب میں جاپانی سفارتخانے، جائیکا اور وزارتِ اقتصادی امور کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
جاپان نے جائیکا کے توسط سے پاکستان کے لیے یہ گرانٹ فراہم کی ہے جو 2018 میں اس پروجیکٹ کے آغاز کے بعد سے جے ڈی ایس پروجیکٹ کی نویں قسط ہے۔ رواں سال یہ گرانٹ پاکستان کے وفاقی سول سروس اور ایکس کیڈر کے نوجوان افسران کو جاپان کی نامور یونیورسٹیوں میں ماسٹرز پروگرام کے لیے سولہ (16) اور پی ایچ ڈی / ڈاکٹریٹ پروگرامز کے لیے ایک (1) اسکالرشپ فراہم کرے گی۔
2018ء سے اب تک جے ڈی ایس اسکالرشپ کے آٹھ بیچز اس سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں جن میں ہر بیچ میں تقریباً 17 سے 18 شرکا شامل تھے۔
اس اقدام سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوان افسران کی صلاحیتوں اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ جاپان اکثر پاکستانی سرکاری افسران کو جاپان میں مختلف مختصر مدتی تربیتی کورسز میں شرکت کی دعوت بھی دیتا ہے۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور جائیکا کے چیف یوسوکے شینوزاکی نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔