پاکستان، بیلاروس کا تجارت کے فروغ کے لیے مقامی کرنسی میں ادائیگی پر زور
- وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا کے درمیان ملاقات
پاکستان اور بیلاروس نے پاکستان-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس سے قبل محفوظ اور باہمی طور پر قابلِ قبول ادائیگی کے طریقۂ کار، بشمول مقامی کرنسیوں میں لین دین پر مشاورت کے ذریعے دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
جمعہ کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ پیش رفت جمعہ کو پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا اور وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
دونوں جانب نے دوطرفہ روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم اور بیلاروس کے صدر کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات نے دوطرفہ روابط کو مضبوط سیاسی تحریک فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان باہمی فہم و فراست اور مسلسل رابطوں نے متعدد شعبوں میں عملی تعاون کے لیے نئے راستے کھول دیے ہیں۔
بات چیت میں دوطرفہ لین دین کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کی معاونت کے لیے عملی مالیاتی انتظامات کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ مالیاتی ادارے اور تکنیکی ماہرین مقامی کرنسی میں لین دین اور دیگر متبادل انتظامات سمیت محفوظ اور باہمی طور پر قابلِ قبول ادائیگی کے طریق کار پر مشاورت جاری رکھیں۔
جام کمال نے کہا کہ ایک موثر مالیاتی طریقہ کار کاروباری اداروں کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے پاس زراعت، کھاد، انجینئرنگ کے سامان، ٹریکٹرز، بھاری مشینری، توانائی کی مصنوعات اور خوراک کی اشیاء میں تعاون کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں لیبر تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بیلاروس کے سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ بیلاروس میں ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہنر مند کارکنوں کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
دونوں فریقوں نے پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع کو مزید بڑھانے کے لیے شفاف بھرتی، مناسب ہنر کی مطابقت اور قریبی ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے بیلاروس کی جدید انجینئرنگ اور صنعتی صلاحیتوں بالخصوص ٹریکٹرز، ٹرکوں اور زرعی مشینری کی تیاری کو سراہا اور ان شعبوں میں تعاون کی تدریجی بحالی کا خیرمقدم کیا۔
بیلاروس کے وزیر کے آئندہ دورے اور جوائنٹ منسٹریل کمیشن کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے عملی تعاون کو آگے بڑھانے، تجارت سے متعلق امور کو حل کرنے اور اقتصادی شراکت داری کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے آئندہ ملاقاتوں سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔