پاکستان

بارش سے کراچی کا موسم خوشگوار، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا

  • بارش کے بعد درجہ حرارت اور حبس میں کمی کے باعث شہریوں نے ٹھنڈے اور خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا
شائع اپ ڈیٹ

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی دوپہر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کا درجہ حرارت بھی کم ہوگیا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی جن میں شہر کے شمالی اور مضافاتی علاقے بھی شامل ہیں۔ نیو کراچی، ناگن چورنگی اور ناظم آباد میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں نسبتاً تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلشنِ معمار، اسکیم 33، گڈاپ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش ہوئی

بارش کے بعد درجہ حرارت اور حبس میں کمی کے باعث شہریوں نے ٹھنڈے اور خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا، تاہم بارش کے باعث سڑکیں قدرے پھسلن زدہ ہوگئیں جس پر موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے والوں کو احتیاط سے ڈرائیو کرنے کی ہدایت کی گئی

یہ پیش رفت پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی جانب سے کراچی ڈویژن میں ہفتے کی سہ پہر/شام سے 3 اگست کی صبح تک وقفے وقفے سے گرد آلود آندھی، گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو کراچی میں زیادہ تر مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

موسمیاتی نظام کی وجہ بھارت کے جنوب مشرقی راجستھان میں بننے والا ہوا کا ایک واضح کم دباؤ ہے جو کہ پچھلے والے ہوا کے دباؤ کے کمزور پڑنے کے بعد بنا ہے۔ یہ نظام بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی فعال مون سون ہواؤں اور مغربی ہواؤں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے ساتھ مل کر پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں کے موسم کو متاثر کرتا رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے 3 اگست تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، خیرپور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، حیدرآباد، مٹیاری اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں درمیانی سے شدید اور بعض مقامات پر بہت شدید بارش کا امکان ہے۔

دریں اثنا، اسی عرصے کے دوران گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور جامشورو کے اضلاع میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 2 اگست تک شدید بارش کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار کے نشیبی علاقوں میں شہری اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، شدید بارش اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں،جن میں سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز شامل ہیں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی پیش گوئی کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں اور اپنے مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور موسمی صورتحال سے متعلق ممکنہ حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے پیشگی ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔