کویتی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال
- کویتی وزیر خارجہ کا علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل تعاون اور کردار کو سراہا
کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے بدھ کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویتی وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے معاملات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و کویت کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان شخصیت نے پاکستان کی ثابت قدم حمایت، علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کے تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کویت کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔