دنیا

ماسکو کے قریب چیخوف میں ڈرون حملہ، رہائشی عمارت کو نقصان

  • حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
شائع اپ ڈیٹ

روسی دارالحکومت ماسکو کے قریب واقع شہر چیخوف میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ عمارت ڈرون حملے کی زد میں آ گئی۔ یہ بات ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے منگل کو ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں بتائی۔

گورنر نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں بلند و بالا عمارت کی کئی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ بالائی منزلوں سے سیاہ دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے۔

بعد ازاں چیخوف کے میئر میخائل سوباکِن نے علیحدہ ٹیلی گرام بیان میں کہا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

گورنر وروبیوف کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے ماسکو ریجن کے دیگر علاقوں، جن میں پوڈولسک، دومودیڈوو اور کولومنا شامل ہیں، میں بھی درجنوں ڈرون مار گرائے۔

دوسری جانب ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ پیر کی رات سے منگل کی صبح تک 390 سے زائد ڈرون ماسکو ریجن کی جانب بڑھ رہے تھے، جن میں سے 81 ڈرون روسی دارالحکومت کے قریب ہی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیے۔