پاکستان

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 24 دہشت گرد ہلاک

  • بنوں کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بدستور جاری
شائع اپ ڈیٹ

سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جسے فتنہ الخوارج بھی کہا جاتا ہے سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے بتایا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں، خصوصاً خودکش گاڑی حملے کے بعد یہ کارروائیاں شروع کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز جاری ہیں۔ یہ کارروائیاں بنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں اضافے کے بعد شروع کی گئیں۔

فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے اور کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 24 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

فوج نے واضح کیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے اور حالیہ دہشت گرد حملوں میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ عزمِ استحکام مہم کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران 24 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے بنوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں، بالخصوص پولیس اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے اور ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔