تخلیق کاروں کے لیے مواقع، پاکستان کے نیٹ فلکس سمیت عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے مذاکرات
- پاکستانی ڈرامے اور فلمیں معیار کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نیٹ فلکس اور دیگر اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے تاکہ پاکستانی تخلیق کاروں کیلئے مناسب نمائندگی یقینی بنائی جاسکے اور پائیدار شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں معیار کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، دنیا بھر میں انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے اور ان کی زبردست مانگ ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت کی اڑان پاکستان برآمدی کوششوں کے تحت تخلیقی اور ثقافتی صنعت ہماری قومی برآمدی حکمت عملی کے لیے ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
حکومت کے مطابق نیٹ فلکس اور دیگر عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز عالمی ناظرین تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم ماضی میں علاقائی سیاسی عوامل کے باعث پاکستانی مواد کو وہ مقام نہیں مل سکا جس کا وہ حق دار تھا۔
تاہم وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اس وقت نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے علاقائی فریم ورک میں بہتری کیلئے مذاکرات کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد صرف ان کے پلیٹ فارم پر جگہ حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کا اپنا خودمختار او ٹی ٹی پلیٹ فارم قائم کرنا بھی ہے جو پاکستانی کہانیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرسکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026