✕
کاروبار اور معیشت

پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، سیکریٹری تجارت

  • پاکستان اور امریکا نے اختلافات دور کرکے اہم معاملات پر اتفاقِ رائے قائم کر لیا، دفتر خارجہ
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات واشنگٹن ڈی سی میں معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے مقصد سے منعقد ہوئے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا، ”مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، جہاں دونوں فریقوں نے اختلافات دور کیے، متعدد امور پر اتفاقِ رائے قائم کیا اور معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔“

پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے وفاقی سیکریٹری وزارتِ تجارت جواد پال نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے دوران نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی، جو معاہدے کو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات 9 سے 10 جولائی تک واشنگٹن میں منعقد ہوئے۔

وفاقی سیکریٹری وزارتِ تجارت جواد پال پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے، جس میں سیکریٹری وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی ندیم چوہدری، دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی اور جوائنٹ سیکریٹری ٹیرف پالیسی محمد اشفاق شامل تھے، جبکہ دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے ورچوئل ذریعے سے مذاکرات میں شرکت کی۔

ان مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، دوطرفہ تجارت کو اقتصادی تعاون کے ایک مؤثر محرک کے طور پر فروغ دینا، اور موجودہ تجارتی روابط میں تنوع اور توسیع کی راہ ہموار کرنا ہے۔