کارگو طیارہ حادثہ : وزیرِ اعظم کی تلاش کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت
- عملے کے 5 ارکان کے ساتھ لاپتہ ہونے والے پاکستانی کارگو بوئنگ 737 طیارے کا منگل کی رات کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا تھا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ سمیت تمام متعلقہ حکام کو بحیرہ عرب میں لاپتہ بوئنگ 737 کارگو طیارے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان ایوی ایشن حکام کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والا ایک پاکستانی رجسٹرڈ بوئنگ 737 کارگو طیارہ، جس پر عملے کے 5 ارکان سوار تھے، منگل کی رات نیویگیشن سسٹم (جہاز رانی کے نظام) میں خرابی کی اطلاع دینے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے لاپتہ ہو گیا، جس کے فوری بعد تلاش کا کام شروع کر دیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فیس بک پر بتایا کہ کے ٹو ائیرویز کا یہ 27 سالہ پرانا طیارہ کراچی کی طرف پرواز کر رہا تھا کہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر اس نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی۔یہ طیارہ بلوچستان میں اورماڑہ کے قریب بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کرتے ہوئے لاپتہ ہوا۔
آج جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور طیارے میں سوار عملے کے 5 ارکان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔