دنیا

ٹرمپ نے یوکرین جنگ جلد ختم ہونے کی امید ظاہر کر دی

  • میری صدر پیوٹن سے بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، امریکی صدر کا دعویٰ
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی سے بات چیت ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ یوکرین میں جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

ترکی میں نیٹو سربراہ اجلاس کے موقع پر ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا، ”صدر پیوٹن سے میری بہت اچھی بات چیت ہوئی۔“

انہوں نے مزید کہا، ”ہماری طویل گفتگو ہوئی، جو کافی دیر تک جاری رہی۔ اس کے فوراً بعد میری صدر زیلنسکی سے بھی بات ہوئی۔ میرے خیال میں دونوں فریق معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم اس معاملے کو جلد حل کر لیں گے۔“

صدر وولودی میر زیلنسکی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بدھ کو نیٹو سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گزشتہ چند ماہ کے دوران یوکرین نے روس کے توانائی کے شعبے پر حملے تیز کیے ہیں، جبکہ روس نے بھی بڑے پیمانے پر حملے کیے، جن میں صرف جولائی کے دوران یوکرین کے دارالحکومت میں 50 افراد ہلاک ہوئے۔

زیلنسکی نے منگل کو کہا کہ وہ ٹرمپ سے ملاقات میں روس کے مہلک بیلسٹک میزائل حملوں سے دفاع کے لیے یوکرین کو درکار فضائی دفاعی نظام کی فوری ضرورت پر بات کریں گے۔