دنیا

ٹرمپ نے ترکیہ پر پابندیاں ختم اور ایف-35 طیارے فروخت کرنے کا عندیہ دے دیا

  • امریکی صدر کا اعلان: ہم ترکیہ پر عائد پابندیاں ختم کرنے جا رہے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ترکیہ پر عائد پابندیاں ختم کریں گے اور انقرہ کو ایف-35 جنگی طیاروں کی ممکنہ فروخت سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو نیٹو سربراہ اجلاس کے موقع پر ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کے آغاز میں کہی۔

ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کاؤنٹرنگ ایڈورسریز تھرو سینکشنز ایکٹ (کاٹسا) کے تحت ترکیہ پر عائد پابندیوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا، ”ہم یہ پابندیاں ختم کرنے جا رہے ہیں۔“

امریکہ نے 2020 میں روس سے ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری پر ترکیہ کے خلاف کاٹسا کے تحت پابندیاں عائد کی تھیں۔ واشنگٹن نے اسی فیصلے کے تحت ترکی کو ایف-35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام سے بھی خارج کر دیا تھا، جسے ترکیہ نے غیرمنصفانہ اور غیرقانونی اقدام قرار دیا تھا۔

ترک صدر سے ملاقات کے موقع پر توقع کی جا رہی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انقرہ کو ایف-35 لڑاکا طیاروں کی ممکنہ فروخت کی حمایت کریں گے، تاہم اس معاملے سے واقف دو ذرائع نے منگل کو بتایا کہ اس سلسلے میں قانونی اور امریکی کانگریس سے متعلق رکاوٹیں تاحال مکمل طور پر دور نہیں ہوئیں۔

ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی صدر طیب اردوان سے تجارت کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔