صدر زرداری کا کرغزستان کا چار روزہ سرکاری دورہ، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی
- اپنے دورے کے دوران صدر زرداری کرغز صدر سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے
صدر آصف علی زرداری آج سے کرغزستان کا چار روزہ سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق صدر زرداری کے ساتھ اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔
اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کرغزستان کے صدر سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
دونوں رہنما پاک کرغز تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ توقع ہے کہ بات چیت میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، کان کنی، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال انڈسٹری، صحت کی دیکھ بھال اور ادویات سازی، ڈیجیٹل اکانومی، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح کے تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اپنے دورے کے دوران صدر کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بھی خیر سگالی ملاقات کریں گے۔
21 برس بعد کسی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ یہ دورہ گزشتہ سال دسمبر میں کرغز جمہوریہ کے صدر صدر جباروف کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ہو رہا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں کے مسلسل فروغ پاتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔