کھیل

پی سی بی کا ایبٹ آباد یونیورسٹی کے ساتھ کیمپس میں کرکٹ گراؤنڈ اور تربیتی سہولتوں کی فراہمی کا معاہدہ

  • معاہدے کے تحت یونیورسٹی پی سی بی کو گراؤنڈ کے لیے زمین اور کھلاڑیوں و کوچز کو ہاسٹل کے کمرے فراہم کرے گی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (اے یو ایس ٹی) کے ساتھ کیمپس میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور تربیتی سہولیات کی فراہمی و دیکھ بھال کے لیے 25 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

معاہدے کے تحت یونیورسٹی پی سی بی کو فرسٹ کلاس کرکٹ گراؤنڈ، معیاری پچز اور پویلین کے لیے زمین فراہم کرے گی، جبکہ ریجنل، اکیڈمی اور ایج گروپ کھلاڑیوں، کوچز اور کیوریٹرز کی رہائش کے لیے ہاسٹل کے کمرے بھی دیے جائیں گے۔ اس مرکز کو ہائی پرفارمنس سینٹر کا درجہ دیا جائے گا، جہاں پی سی بی تربیتی سرگرمیاں منعقد کرے گا۔ یہ سہولت ایبٹ آباد ریجن کی سالانہ اکیڈمی کا مرکز بنے گی، جس سے مقامی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔

پی سی بی کے سینئر جنرل مینیجر ڈی سی او اسامہ شارون نے اے یو ایس ٹی کو اس طویل المیعاد شراکت داری پر مبارکباد دی اور دیگر کارپوریٹ و تعلیمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ملک بھر میں کرکٹ کے انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ تعاون کریں۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے مارچ میں فیصل آباد ریجن میں گراس روٹ کرکٹ کی ترقی کے لیے جواد اسپورٹس کمپلیکس کے ساتھ بھی ایسا ہی ایک معاہدہ کیا تھا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر2026