پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کو ایکسپورٹ پروموشن کا پلیٹ فارم بنالیا
- تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ کے میچ کی لائیو اسکریننگ کے دوران پاکستان کی عالمی معیار کی فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو پیش کیا
دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک فیفا ورلڈ کپ 2026 سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان نے فٹ بال ٹورنامنٹ کو اپنی برآمدی فٹ بال صنعت کی تشہیر کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے حکام ازبکستان میں متعدد تشہیری مہمات چلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ نئے کاروباری مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ازبکستان اور پرتگال کے میچ کی لائیو اسکریننگ کے دوران پاکستان کی عالمی معیار کی فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تاشقند میں پاکستان کے تجارتی مشن کی فعال کوششوں کو سراہا جنہوں نے ایک بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے پلیٹ فارم پر ملک کی مینوفیکچرنگ کی عمدگی کو کامیابی کے ساتھ فروغ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پبلک ڈپلومیسی کا ایک مؤثر استعمال ہے جس کے ذریعے ہزاروں بین الاقوامی فٹ بال شائقین کے سامنے پاکستان کی صنعتی طاقت، برآمدی صلاحیت اور نرم امیج کو اجاگر کیا گیا۔
وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کو اپنی عالمی سطح پر تسلیم شدہ فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری پر فخر ہے، خاص طور پر سیالکوٹ کی دستکاری پر جو بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مسلسل اعلیٰ معیار کے فٹ بال فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کو عالمی منڈی میں ایک قابل اعتماد، مسابقتی اور معیار پر مبنی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر نمایاں ایونٹس میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش برآمدات بڑھانے، کاروباری اعتماد پیدا کرنے اور ازبکستان سمیت شراکت دار ممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ازبک حکام کے تعاون سے، تاشقند میں پاکستان کے تجارتی مشن نے بونیودکور اسٹیڈیم اور ہومو ایرینا میں اس تشہیری سرگرمی کا اہتمام کیا جہاں ہزاروں ازبک فٹ بال شائقین میچ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔
تجارتی مشن نے ٹریونڈا کو نمایاں کیا جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال ہے اور اسے پاکستان کے معروف فٹ بال مینوفیکچررز میں سے ایک فارورڈ اسپورٹس نے سیالکوٹ میں تیار کیا ہے۔
مقامی شائقین تک رسائی کو زیادہ سے زیادہ بنانے کے لیے مشن نے فارورڈ اسپورٹس کی پروموشنل دستاویزی فلم کا ازبک زبان میں ترجمہ کروایا۔ یہ دستاویزی فلم میچ سے قبل دونوں مقامات پر دکھائی گئی جس میں دنیا بھر کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں استعمال ہونے والے اعلیٰ معیار کے فٹ بال تیار کرنے میں پاکستان کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ مہارت کو پیش کیا گیا۔
سفارت خانے کے نمائندوں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین پائیدار دوستی اور بڑھتی شراکت داری کی علامت کے طور پر تاشقند کے گورنر شوکت عمرزاکوف کو پاکستان کا تیار کردہ ٹریونڈا فٹ بال بھی پیش کیا۔
تجارتی مشن کا ارادہ ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید پروموشنل ایونٹس کا اہتمام کیا جائے تاکہ پاکستان کی عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے اور ازبکستان کے عوام اور کاروباری برادری میں ملک کی برآمدی صلاحیت کے بارے میں مزید آگاہی پیدا کی جا سکے۔