کاروبار اور معیشت

لکی سیمنٹ نے کراچی پلانٹ کی پیداواری صلاحیت بڑھا دی، مجموعی استعداد 1 کروڑ 56 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی

  • کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے نتیجے میں کراچی پلانٹ کی سالانہ پیداواری استعداد تقریباً 3 لاکھ ٹن بڑھ کر 53 لاکھ 50 ہزار ٹن ہو گئی ہے
شائع July 1, 2026 اپ ڈیٹ July 1, 2026 05:36pm

پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ ساز کمپنی لکی سیمنٹ نے کراچی پلانٹ میں پیداواری عمل کی بہتری اور استعداد میں اضافے کے منصوبے کی تکمیل کے بعد اپنی سالانہ سیمنٹ پیداواری استعداد بڑھا کر ایک کروڑ 56 لاکھ ٹن کر دی ہے۔

کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں بتایا ہے کہ اس منصوبے کے تحت موجودہ سیمنٹ لائنوں کو جدید بنایا گیا اور ان کی کارکردگی بہتر بنائی گئی، جس سے پیداواری استعداد میں اضافہ ممکن ہوا۔

کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے نتیجے میں کراچی پلانٹ کی سالانہ پیداواری استعداد تقریباً 3 لاکھ ٹن بڑھ کر 50 لاکھ 50 ہزار ٹن سے 53 لاکھ 50 ہزار ٹن ہو گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد کمپنی کی مجموعی سالانہ پیداواری استعداد ایک کروڑ 56 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے، جس سے پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ ساز کمپنی کے طور پر اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پیداواری استعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے اس کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

لکی سیمنٹ کے مطابق اس منصوبے سے حرارتی استعداد (تھرمل ایفی شینسی) بہتر ہونے، فی ٹن سیمنٹ ایندھن کی کھپت میں کمی آنے اور کوئلے کے استعمال میں کمی کی توقع ہے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ ان بہتریوں سے اس کے آپریشنز سے خارج ہونے والے کاربن کے اخراج کی شدت میں بھی کمی آئے گی، جبکہ وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

کمپنی کے مطابق یہ سنگ میل جدید اور مؤثر پیداواری طریقہ کار اپنانے، حصص یافتگان کے لیے پائیدار قدر پیدا کرنے اور پاکستان کے صنعتی فروغ اور پائیداری کے اہداف میں مثبت کردار ادا کرنے کے اس کے طویل المدتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

لکی سیمنٹ 1993 میں کمپنیز آرڈیننس 1984 (موجودہ کمپنیز ایکٹ 2017) کے تحت قائم کی گئی تھی۔ یہ یونس برادرز گروپ کی فلیگ شپ کمپنی ہے اور پاکستان میں سیمنٹ کی سب سے بڑی پیداوار کرنے والی اور نمایاں برآمد کنندہ کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

کمپنی کے پیداواری یونٹس ضلع لکی مروت (خیبرپختونخوا) اور کراچی کی مین سپر ہائی وے پر واقع ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، کوئٹہ، لاہور، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں رابطہ دفاتر بھی موجود ہیں، جبکہ اس کی برآمدی منڈیوں میں مشرقِ بعید، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی و وسطی ایشیا شامل ہیں۔

لکی سیمنٹ نے اپنی ذیلی کمپنیوں کے ذریعے بجلی کی پیداوار، آٹوموبائل، کیمیکلز، دواسازی اور موبائل فون اسمبلنگ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔