کھیل

پیراگوئے نے چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پنالٹیز پر شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا

  • مقررہ اور اضافی وقت میں مقابلہ ایک ایک سے برابر رہنے کے بعد پیراگوئے نے جرمنی کو سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کیا
شائع June 30, 2026 اپ ڈیٹ June 30, 2026 01:16pm

پیراگوئے نے پیر کو کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے ہرا کر ورلڈ کپ کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کر دیا اور راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔ مقررہ اور اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں۔

میچ کا فیصلہ کن پنالٹی اسٹروک ہوزے کینالے نے اسکور کیا، جس کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں نے جشن منایا۔ اب لاسٹ 16 میں ان کا مقابلہ فرانس یا سویڈن سے ہوگا۔ جرمنی کی جانب سے کائی ہاورٹز نک وولٹیمیڈ اور جوناتھن ٹاہ پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جرمن کپتان جوشوا کِمچ کا کہنا تھا کہ ہم ریفری یا شوٹ آؤٹ کو قصوروار نہیں ٹھہرا سکتے، اگر آپ 120 منٹ میں پیراگوئے کو نہیں ہرا سکتے تو آپ کا باہر ہونا بنتا ہے۔

میچ کے 35 ویں منٹ تک جرمنی نے 244 پاسز مکمل کیے جبکہ پیراگوئے نے صرف 31 پاسز دیے، تاہم جنوبی امریکی ٹیم نے شاندار حکمت عملی اپناتے ہوئے اینسیسو کے ہیڈر کے ذریعے گول کرکے برتری حاصل کر لی۔ دوسرے ہاف کے نویں منٹ میں کائی ہاورٹز نے ہیڈر پر گول کرکے جرمنی کا اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں جوناتھن ٹاہ کا ہیڈر پر کیا گیا گول طویل وی اے آر ریویو کے بعد فاؤل کے باعث مسترد کر دیا گیا۔