دنیا

جیفری ایپسٹین سےروابط، وارن بفیٹ نے گیٹس فاؤنڈیشن کیلئے سالانہ عطیہ مؤخر کر دیا

  • 95 سالہ وارن بفیٹ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اپنی کمپنی برکشائر ہیتھاوے کے 47 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے حصص گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ کر چکے ہیں
شائع June 30, 2026 اپ ڈیٹ June 30, 2026 11:29am

دنیا کے معروف سرمایہ کار وارن بفیٹ نے رواں سال اپنی روایت کے برخلاف گیٹس فاؤنڈیشن کو دیا جانے والا اربوں ڈالر کا وسطِ سال عطیہ مؤخر کر دیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق وارن بفیٹ نے یہ فیصلہ فاؤنڈیشن اور بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے درمیان ماضی کے روابط سے متعلق جاری جائزے کے نتائج سامنے آنے تک کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گیٹس فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو مارک سوزمین نے فاؤنڈیشن کے ایپسٹین کے ساتھ ماضی کے تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ایک آزادانہ تحقیقات کا آغاز کیا ہے، جس کی رپورٹ موسمِ گرما میں متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وارن بفیٹ اسی رپورٹ کی روشنی میں سال کے آخر میں، ممکنہ طور پر اپنی روایتی تھینکس گیونگ خط کے وقت، عطیے کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

ادھر بل گیٹس کو ایپسٹین سے تعلقات کے باعث تنقید کا سامنا رہا ہے۔ رواں سال امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات میں ایپسٹین اور گیٹس فاؤنڈیشن کے بعض عملے کے درمیان رابطوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 95 سالہ وارن بفیٹ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اپنی کمپنی برکشائر ہیتھاوے کے 47 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے حصص گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ کر چکے ہیں۔

اگرچہ بل گیٹس پر کسی جرم کا الزام عائد نہیں کیا گیا، تاہم وہ متعدد بار ایپسٹین سے تعلقات پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں اور یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے کبھی ایپسٹین کی مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں یا متاثرین کا مشاہدہ نہیں کیا۔