سروس لانگ مارچ نے ٹائروں کی سالانہ پیداوار 20 لاکھ تک بڑھا دی
- سروس لانگ مارچ نے ٹرک اور بس کے ٹائروں کی پیداوارمیں اضافہ کیا، 2028 تک مسافر گاڑیوں کے ٹائروں کا نیا پلانٹ لگانے کا منصوبہ
سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ (ایس ایل ایم) نے ٹرک اور بس ریڈیل ٹائروں کی سالانہ پیداواری صلاحیت 16 لاکھ سے 25 فیصد بڑھا کر 20 لاکھ ٹائر کر دی ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتایا کہ یہ توسیع کمپنی کے آپریشنل فروغ اور طویل مدتی ویلیو کریشن کے مستقل عزم کی عکاس ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ توقع ہے کہ اس توسیعی صلاحیت کی بدولت کمپنی مقامی اور برآمدی دونوں مارکیٹوں میں بڑھتی ہوئی طلب کو بہتر طور پر پورا کر سکے گی، جس سے صنعت میں اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی اور کمپنی کے لیے اضافی ریونیو اور منافع حاصل ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سروس لانگ مارچ نے پی ایس ایکس پر دو روزہ بک بلڈنگ عمل کے دوران 19.95 روپے فی شیئر کے حساب سے 29.23 کروڑ (292.30 ملین) شیئرز فروخت کر کے اپنے انیشل پبلک آفرنگ (آئی پی او) کے ذریعے 5.83 ارب روپے اکٹھے کیے تھے۔ آئی پی او کے وقت کمپنی کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 55 کروڑ (550 ملین) ڈالرز لگایا گیا تھا اور کمپنی کے سی ای او عمر سعید نے اسے اگلے دو سالوں میں 1 ارب ڈالر کی کمپنی بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
سال 2020 میں سروس انڈسٹریز لمیٹڈ، چین کی چاؤیانگ لانگ مارچ ٹائر کمپنی لمیٹڈ اور مائیکو کارپوریشن پاکستان کے درمیان ایک مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کے تحت قائم ہونے والی سروس لانگ مارچ نے مارچ 2022 میں اپنے تجارتی آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔ کمپنی کا مینوفیکچرنگ پلانٹ سندھ کے علاقے سائٹ نوری آباد میں اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) کی تقریباً 50 ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے۔
اپنے آغاز کے بعد سے سروس لانگ مارچ ٹائرز پاکستان کی آٹوموٹو مینوفیکچرنگ کی صنعت میں ایک اہم ترین کمپنی بن کر ابھری ہے۔ اس کی بنیادی توجہ ٹرک اور بس کے ریڈیل ٹائروں کی مارکیٹ پر رہی ہے، جو ملک کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، تجارت اور صنعتی شعبوں کی معاونت میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے۔
اپنی توسیعی حکمت عملی کے تحت، سروس لانگ مارچ اب مسافر گاڑیوں (پیسنجر کار) کے ٹائروں کی پیداوار کے لیے ایک مخصوص پلانٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے تحت جنوری 2028 میں تجارتی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس مجوزہ پلانٹ کی ابتدائی پیداواری صلاحیت تقریباً 20 لاکھ ٹائر سالانہ ہوگی، جسے کمپنی مالی سال 2029 تک 25 لاکھ اور مالی سال 2030 تک 30 لاکھ یونٹس تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔