دنیا

ٹرمپ کا دعویٰ: ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کوئی محصول عائد نہیں ہوگا

  • تہران کا منصوبہ ہے کہ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں سے "بحری خدمات کی فیس" کے نام پر رقم وصول کی جائے
شائع June 24, 2026 اپ ڈیٹ June 24, 2026 07:09pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایران نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے کسی قسم کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا، ’’ایران نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ایران کی جانب سے ’کوئی ٹول ٹیکس، کوئی انشورنس لاگت اور کسی بھی نوعیت کا کوئی دوسرا محصول نہ طلب کیا جا رہا ہے اور نہ ہی وصول کیا جا رہا ہے‘۔‘‘ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ یقین دہانی 60 روزہ مذاکراتی مدت کے بعد بھی برقرار رہے گی یا نہیں۔

دوسری جانب، تہران متعدد بار کہہ چکا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس کے بجائے اپنی اصطلاح میں ’’بحری خدمات کی فیس‘‘ وصول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کی امریکا سخت مخالفت کر رہا ہے۔

ایران اور عُمان نے منگل کو کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض وصول کی جانے والی فیسوں کا جائزہ لیں گے، جبکہ دونوں ممالک نے اس آبی گزرگاہ پر اپنی خودمختاری کے دعوے کا اعادہ بھی کیا۔