پاکستان

پاکستان اور ترکیہ کا توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

  • وزیراعظم کے مشیر نجکاری اور ترک وزیر توانائی کی انقرہ میں ملاقات
شائع June 23, 2026 اپ ڈیٹ June 23, 2026 09:57am

پاکستان اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وزیرِاعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے پیر کے روز انقرہ میں ترکیہ کی وزارتِ توانائی و قدرتی وسائل کا دورہ کیا اور ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کی تفصیلات منگل کو جاری کردہ سرکاری بیان میں بتائی گئیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت میں اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت میں اضافہ، اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات و ترقی کے تجربات کے تبادلے پر بھی زور دیا گیا۔

بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے اور دونوں ممالک نے اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ باہمی فائدے حاصل کیے جا سکیں۔

محمد علی نے توانائی کے شعبے میں ترکیہ کی کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں مسلسل رابطے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔