پی پی چیئرمین نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
- وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کا مؤقف تھا کہ پارٹی بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، تاہم چیئرمین بلاول بھٹو خود اس میں شریک نہیں ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سیاسی جماعت قومی مفاد میں بجٹ کے عمل کا حصہ ہوگی، اس لیے اس کے بعض اراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت آج قومی اسمبلی میں نئے مالیاتی سال 27-2026 کا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، جسے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور پی پی پی کے دیگر سینئر رہنماؤں نے پہلے بجٹ اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کیونکہ گلگت بلتستان میں مبینہ طور پر پارٹی کا مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف مینڈیٹ چرایا جائے اور دوسری طرف ہم تالیاں بجاتے رہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل گلگت میں پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح وفود کے درمیان ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا تھا۔اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے ممکنہ فارمولوں، سیاسی تعاون، باہمی مشاورت اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پیپلز پارٹی کے وفد نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پارٹی کو خطے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنا کر واضح مینڈیٹ دیا ہے۔ وفد نے کہا کہ حکومت سازی سے متعلق تمام فیصلے جمہوری اصولوں، سیاسی مشاورت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔