دنیا

ٹرمپ نے ایران کو ہیلی کاپٹر حملے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا، امریکہ کو لازمی جواب دینے پر زور

  • امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز میں گشت کر رہا تھا
شائع June 9, 2026 اپ ڈیٹ June 9, 2026 10:39pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ رات آبنائے ہرمز میں گشت کرنے والے ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے اور انہوں نے اس کا جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا: ”مجھے ابھی ہماری عظیم فوج کی جانب سے اطلاع ملی ہے کہ گزشتہ رات ایرانیوں نے ہمارے ایک انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹر کو آبنائے ہرمز کے اوپر گشت کے دوران نشانہ بنا کر گرا دیا۔“

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد دونوں امریکی پائلٹ محفوظ ہیں، جب کہ رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اپاچی گن شپ کے عملے کو ایرانی زیرِ کنٹرول آبی گزرگاہ کے قریب گرنے کے بعد بچا لیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ”پائلٹس خیریت سے ہیں، کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔“

انہوں نے کہا کہ ”تمام اہلکار محفوظ ہیں“ اور واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔