دنیا

مشرقِ وسطیٰ جنگ کے باوجود امارات ایئرلائنز کا پروازیں کم نہ کرنے کا اعلان

  • امارات ایئرلائنز جرمنی میں بھی اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کی خواہاں ہے
شائع June 9, 2026 اپ ڈیٹ June 9, 2026 03:55pm

امارات ایئرلائنز کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مالی دباؤ کے باوجود ایئرلائن کے پاس اپنی پروازوں یا گنجائش میں کمی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

منگل کو گفتگو کرتے ہوئے ٹم کلارک نے کہا کہ امارات بدستور دبئی کے ذریعے بھارت، آسٹریلیا اور دیگر مقامات کے لیے مسافروں کی آمدورفت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے طیاروں میں اضافی ایندھن بھی رکھا جا رہا ہے، تاہم اس سے ہونے والے اضافی اخراجات پر انہیں کوئی تشویش نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی اپنی آپریشنل سرگرمیوں میں کمی نہیں کرے گی اور موجودہ حالات کے باوجود معمول کے مطابق خدمات جاری رکھے گی۔

امارات ایئرلائنز جرمنی میں بھی اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ ٹم کلارک کے مطابق کمپنی نے برلن ایئرپورٹ پر پروازوں کے لیے سلاٹس حاصل کر لیے ہیں، تاہم تاحال برلن کے لیے پروازیں چلانے کی باضابطہ اجازت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی میں نئی لانگ ہال پروازوں سے بیشتر متعلقہ فریقین کو فائدہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ امارات اپنے زیادہ سے زیادہ طیاروں میں مفت اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے۔