دنیا

آئی اے ای اے نے زاپوریزیا نیوکلیئر پلانٹ کیلئے روس اور یوکرین میں عارضی جنگ بندی کرادی

  • یہ گزشتہ سال کے آخر سے اب تک چھٹی ایسی جنگ بندی ہے
شائع June 5, 2026 اپ ڈیٹ June 5, 2026 11:47am

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ اس نے یوکرین اور روس کے درمیان ایک عارضی مقامی جنگ بندی کا بندوبست کیا ہے، جو گزشتہ سال کے آخر سے اب تک چھٹی ایسی جنگ بندی ہے۔ اس اقدام کا مقصد یوکرین کے زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ تک بجلی کی سپلائی لائن کی مرمت ممکن بنانا ہے۔

ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریبی محاذ پر یہ محدود جنگ بندی نافذ ہو گئی ہے، جس سے ایک اہم بجلی لائن کی مرمت کی راہ ہموار ہو گئی ہے تاکہ ممکنہ جوہری حادثے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔

بیان کے مطابق آنے والے دنوں میں دونوں جانب کے تکنیکی ماہرین 750 کلو وولٹ ڈنیپروسکا پاور لائن کی مرمت شروع کریں گے، جس سے پہلے علاقے میں بارودی سرنگوں کو صاف کیا جائے گا۔

یہ بجلی لائن دو ماہ سے زائد عرصے سے منقطع ہے، جس کے باعث یورپ کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر صرف ایک 330 کلو وولٹ لائن پر انحصار کر رہا ہے تاکہ اس کے بند چھ ری ایکٹرز کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے بجلی فراہم کی جا سکے۔

آئی اے ای اے کے مطابق، حالیہ ہفتوں میں یہ واحد فعال لائن بھی متعدد بار منقطع ہوئی ہے، جس کے باعث پلانٹ کو ہنگامی ڈیزل جنریٹرز پر انحصار کرنا پڑا۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال میں تسلسل سے بجلی کی فراہمی نہ ہونے سے سنگین حفاظتی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔