کاروبار اور معیشت

وناسپتی مینوفیکچررز کا ایف بی آر سے گھی اور آئل انڈسٹری کے ریفنڈز فوری ادا کرنے کا مطالبہ

  • ریفنڈز کی ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر نے شعبے کیلئے شدید مالی اور لیکویڈٹی بحران پیدا کردیا ، شیخ عمر ریحان
شائع June 4, 2026 اپ ڈیٹ June 4, 2026 04:03pm

پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیوسے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گھی اور خوردنی تیل کی صنعت کے طویل عرصے سے رکے اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ریفنڈز کی ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر نے اس شعبے کیلئے شدید مالی اور لیکویڈٹی کا بحران پیدا کردیا ہے جس کے باعث مینوفیکچررز کیلئے روزمرہ کے کاروباری امورچلانا اور ضروری خام مال کی درآمدات کو برقرار رکھنا مسلسل مشکل ہوتا جارہا ہے۔

شیخ عمر ریحان نے بتایا کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 8-B کے تحت گھی اور آئل انڈسٹری کے واجب الادا اربوں روپے کے ریفنڈز ابھی تک ایف بی آر کے پاس پھنسے ہوئے ہیں ۔

یہ ادائیگیاں طویل عرصے سے زیرِ التوا ہیں اور حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہ کرنے کی وجہ سے مینوفیکچررز پر شدید دباؤ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ریفنڈز خود اس انڈسٹری کا اپنا پیسہ ہیں جو پہلے ہی ٹیکسوں کی صورت میں حکومت کے پاس جمع کرایا جا چکا ہے۔

شیخ عمر ریحان کے مطابق حکومت کو صنعتی سرگرمیوں کو سہارا دینے اور معیشت کا پہیہ چلتا رکھنے کے لیے ان فندز کی فوری ادائیگی کو یقینی بنانا چاہیے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026