چین کو تانبے کی برآمدات 1.3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں
- تانبے کے انگوٹس کی برآمدات مارچ میں 393.126 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، اعدادوشمار
پاکستان کی چین کو تانبے کی برآمدات موجودہ مالی سال 2025-26 کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران 1.30 ارب امریکی ڈالر کی حد سے تجاوز کرگئی ہیں جو ملک کے صنعتی برآمدی منظرنامے میں ایک نمایاں رجحان کے طور پر ابھری ہیں اور نان فیرس میٹلز کی تجارت میں ممکنہ طور پر تبدیلی لانے والی پیشرفت کی نشاندہی کرتی ہیں۔
کسٹمز کے برآمدی اعدادوشمار کے مطابق تانبے کے انگوٹس کی برآمدات جو جولائی 2025 میں 52.894 ملین امریکی ڈالر تھیں مسلسل اضافہ ظاہر کرتی ہوئی مارچ میں 393.126 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو اس عرصے کے دوران تقریباً چھ گنا نمایاں اضافہ ہے۔
رواں مالی سال کے 8 مہینوں کے دوران ریکارڈ کی گئی مجموعی طور پر 1.30 ارب ڈالر کی برآمدات میں سے 1.02 ارب ڈالر چین کو تانبے کے انگوٹس کی برآمد پر مشتمل تھے جب کہ بقیہ 280 ملین ڈالر تانبے کی دیگر مصنوعات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ اعدادوشمار دنیا بھر میں پاور گرڈز، الیکٹرانکس اور ماحول دوست توانائی کی سپلائی چینز میں تانبے کی اسٹریٹجک اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے علاوہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی تانبے کی ترسیلات امریکہ اور کینیڈا تک بھی پہنچ رہی ہیں جو مسابقتی عالمی منڈیوں میں پاکستان کی پراسس شدہ اور ری سائیکل شدہ دھاتی مصنوعات کی بڑھتی بین الاقوامی قبولیت کی عکاسی کرتی ہیں۔
ذرائع نے اس تیزی کی بڑی وجہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کو قرار دیا جسے ملک میں ری سائیکل شدہ دھاتوں کی تجارت کو منظم کرنے کیلئے تیزی سے ایک اہم پالیسی ہتھیار کے طور پر تسلیم کیا جارہا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026