پاکستان

آبی ذخائر بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، وزیراعظم

  • بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے پیرکو کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کو قومی اہمیت کے آبی ذخائر اور پن بجلی کے منصوبوں بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر جاری پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبوں کو ترقیاتی بجٹ کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

مزید برآں اجلاس میں رواں سال کے پی ایس ڈی پی کے جائزے، آئندہ سال کیلئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کیلئے درکار فنڈز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔