پاکستان

امریکہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون میں توسیع کا خواہاں

  • وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایس پال کپور کی ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

امریکہ نے بدھ کو پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کمپنیاں ملک میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے فنانس ڈویژن میں امریکی بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایس پال کپور نے ملاقات کی۔

پال کپور کے ہمراہ امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں پاک امریکا اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، تجارتی تعلقات اور پاکستان کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانا اور ملک میں کاروبار و سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

پریس ریلیز کے مطابق امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاک امریکا تعلقات کی مثبت پیش رفت کو سراہا اور ایک شفاف، قابلِ پیش گوئی اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے جاری کوششوں، اصلاحات میں پیشرفت اور مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے، ٹیکس نیٹ میں توسیع، ڈیجیٹلائزیشن کی رفتار تیز کرنے اور فنانشل انکلوژن کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے اہم معاشی اشاریوں، بشمول ترسیلاتِ زر، بیرونی آمدن اور بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی سے متعلق حالیہ مثبت رجحانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصاً توانائی، کان کنی، انفرااسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس جیسے شعبوں میں حکومت کی توجہ کا ذکر کیا۔

اسی دوران پال کپور نے پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ایک مسابقتی اور قابلِ پیش گوئی کاروباری ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید برآں نیٹلی اے بیکر نے امریکی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان کے مسلسل روابط کو سراہا اور ایک زیادہ سازگار اور سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تسلیم کیا۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے امریکی کاروباری اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا بھی ذکر کیا۔

دونوں فریقین نے امریکی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں جانب سے ایک سازگار کاروباری ماحول اور سرکاری و نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مسلسل روابط کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔

وزارت کے مطابق امریکہ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور معاشی اصلاحات کی حمایت اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔