دنیا
ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی تجویز پر جواب بھیج دیا، ایرانی خبر رساں ایجنسی کا دعویٰ
- مذاکرات کے موجودہ مرحلے کا محور صرف خطے میں دشمنی کا خاتمہ ہوگا، ذرائع
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے بتایا ہے کہ ایران نے دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی تجویز پر اپنا جواب ثالث (پاکستان) کو بھیج دیا ہے۔
ارنا کو اس معاملے سے باخبر ایک ذریعے نے بتایا کہ ایرانی تجویز کے مطابق مذاکرات کے موجودہ مرحلے کا محور خصوصی طور پر خطے میں دشمنی اور جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ ہوگا۔
دونوں جانب کے ذرائع نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ حالیہ امن کوششوں کا مقصد جنگ بندی کے لیے ایک عارضی مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق کرنا ہے، تاکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے آمد و رفت بحال ہو سکے۔ اس دوران فریقین ایک مکمل معاہدے پر بات چیت جاری رکھیں گے، جس میں ایران کے جوہری پروگرام جیسے پیچیدہ اور دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ہوگا۔