دنیا

چین میں آتش بازی کی فیکٹری میں دھماکہ، ہلاکتیں 37 تک پہنچ گئیں

  • دھماکہ پیر کے روز ہنان کے علاقے لیویانگ میں پیش آیا، جسے چین کا آتش بازی کا دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے
شائع May 8, 2026 اپ ڈیٹ May 8, 2026 01:34pm

جنوبی چین کے صوبے ہنان میں آتش بازی کے ایک کارخانے میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے، سرکاری خبر ایجنسی ژنہوا نے جمعہ کو رپورٹ کیا۔ یہ واقعہ 2019 کے بعد چین میں رپورٹ ہونے والا سب سے مہلک دھماکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دھماکہ پیر کے روز ہنان کے علاقے لیویانگ میں پیش آیا، جسے چین کا آتش بازی کا دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں ملکی ضرورت کا 60 فیصد اور برآمدات کا تقریباً 70 فیصد آتش بازی کا سامان تیار کیا جاتا ہے۔

ژونہوا کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو اور تحقیقات کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 51 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پولیس نے 8 افراد کو مشتبہ طور پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تحقیقات چین کے اعلیٰ پراسیکیوٹرز کی نگرانی میں جاری ہیں جبکہ ہنان حکومت نے شہر میں تمام آتش بازی فیکٹریوں کی سرگرمیاں معطل کر کے حفاظتی معائنہ شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

جون میں بھی اسی صوبے میں ایک فیکٹری دھماکے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2019 میں جیانگسو میں کیمیکل پلانٹ دھماکے میں 78 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔