کاروبار اور معیشت

بجلی صارفین کیلئے شفاف سبسڈی نظام متعارف کرادیا، پاور ڈویژن

  • وزارت توانائی نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ سبسڈی شفاف انداز میں حقیقی اور اہل صارفین تک پہنچتی رہے۔
شائع اپ ڈیٹ

پاور ڈویژن نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) نے شفافیت کو یقینی بنانے اور حکومتی سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اب سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے ماہانہ بجلی کے بلوں میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کی درست رقم واضح طور پر درج کی جائے گی۔

وزارت توانائی نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ سبسڈی شفاف انداز میں حقیقی اور اہل صارفین تک پہنچتی رہے۔

نئے نظام کے تحت بجلی کے بل پر ایک کیو آر کوڈ بھی پرنٹ کیا جائے گا۔ صارفین کو یہ کوڈ اسکین کرکے ایک آن لائن لنک کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ رجسٹریشن صرف اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ کم آمدنی اور کم بجلی استعمال کرنے والے گھروں کو سبسڈی کا فائدہ جاری رہے۔

پاور ڈویژن نے زور دیا کہ اس اقدام کا مقصد کسی بھی صورت میں سبسڈی ختم کرنا نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق حکومت غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس اقدام کا مقصد وسائل کا مؤثر اور منصفانہ استعمال یقینی بنانا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع نہ ہو۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کیو آر کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ اہل صارفین کو سبسڈی کے فوائد بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

مزید کہا گیا کہ اگر کسی صارف کو بل یا رجسٹریشن کے عمل میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی(ڈسکوز) کے ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

پاور ڈویژن نے کہا کہ معاشی دباؤ اور مالیاتی مشکلات کے باوجود حکومت کم اور متوسط آمدنی والے گھروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026