کاروبار اور معیشت

چیری ماسٹر پاکستان کا ٹیگو 4 ایچ ای وی، کیو کیو بی ای وی اور ٹیگو وی متعارف کرانے کا منصوبہ

  • چیری ماسٹر پاکستان نے آٹو چائنا 2026 میں شرکت کے بعد مقامی مارکیٹ میں متعدد نئے ماڈلز متعارف کرانے کے امکانات کا عندیہ دیا ہے
شائع اپ ڈیٹ

چیری ماسٹر پاکستان، جو چین کی چیری آٹوموبائل اور پاکستان کے ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز کا مشترکہ منصوبہ ہے، مقامی مارکیٹ میں مستقبل میں دو سے تین نئی گاڑیاں متعارف کرانے کا جائزہ لے رہی ہے، جن میں ٹیگو 4 ایچ ای وی، کیو کیو بی ای وی اور ٹیگو وی شامل ہیں۔

کمپنی کے ایک بیان کے مطابق، چیری ماسٹر پاکستان نے آٹو چائنا 2026 میں شرکت کے بعد مقامی مارکیٹ میں متعدد نئے ماڈلز متعارف کرانے کے امکانات کا عندیہ دیا ہے۔

یہ پیش رفت چیری کے عالمی منصوبے کے تحت سامنے آرہی ہے، جس کے مطابق کمپنی آئندہ دو برسوں میں پیٹرول، ہائبرڈ اور الیکٹرک پاور ٹرینز پر مشتمل 13 نئے ماڈلز متعارف کرائے گی، جن میں ایس یو وی، سیڈان، شہری نقل و حرکت اور پک اپ گاڑیوں کے شعبے شامل ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور بدلتی سفری ضروریات کے باعث صارفین اب زیادہ فیول ایفیشنٹ، عملی اور ٹیکنالوجی سے مزین گاڑیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

چیری ماسٹر پاکستان کے سی ای او سمیر ملک نے کہا کہ پاکستان چیری کی جدید موبیلٹی ٹیکنالوجیز کے لیے ایک اہم ترقی پذیر مارکیٹ ہے، اور کمپنی ایسے ماڈلز کا جائزہ لے رہی ہے جو مقامی سڑکوں، صارفین کی توقعات اور طویل مدتی سفری رجحانات سے مطابقت رکھتے ہوں۔

آٹو چائنا 2026 میں چیری نے کیو کیو بی ای وی بھی پیش کی، جو ایک کمپیکٹ الیکٹرک گاڑی ہے اور ایک بار چارج پر 410 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ گاڑی کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے گنجان شہروں کے لیے ایک کم لاگت شہری سفری حل ثابت ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ٹیگو وی تصوراتی ماڈل ایک ایسی ملٹی پرپز گاڑی ہے جو ایس یو سی کی کشادگی، ایم پی وی کی سہولت اور پک اپ جیسی افادیت کو یکجا کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل پاکستان میں فیملی گاڑیوں کی مضبوط طلب سے ہم آہنگ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیگو 4 ایچ ای وی ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو نسبتاً کم قیمت والے ایس یو سی سیگمنٹ تک وسعت دے سکتی ہے، جبکہ محدود چارجنگ انفرااسٹرکچر اور بہتر فیول اکانومی کے باعث ہائبرڈ گاڑیاں پاکستان میں نئی توانائی والی گاڑیوں (این ای وی) کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔