مہنگائی کے خدشات برقرار، سونے کی قیمتوں میں کمی
- اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,599.45 ڈالر فی اونس پر آ گیا
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں پیر کے روز معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جس کی بڑی وجہ مہنگائی کے خدشات اور امریکی مانیٹری پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال ہے، جبکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,599.45 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ جون کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.7 فیصد گر کر 4,611.40 ڈالر پر ٹریڈ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شرح سود میں کمی کی توقعات ختم ہونے سے سونے پر دباؤ بڑھا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے اقدامات کرے گا، جسے انہوں نے انسانی ہمدردی کا اقدام قرار دیا۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران کو اپنی تجاویز ارسال کی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فیڈرل ریزرو نے گزشتہ ہفتے شرح سود برقرار رکھتے ہوئے سخت مؤقف اپنایا، جس سے رواں سال شرح سود میں کمی کی امیدیں کم ہو گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر تیل کی قیمتیں بلند رہتی ہیں تو مرکزی بینک شرح سود مزید عرصے تک بلند رکھ سکتے ہیں، جس سے سونے جیسے نان ییلڈنگ اثاثوں کی کشش کم ہو جاتی ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، جبکہ سرمایہ کار عالمی معاشی صورتحال اور جغرافیائی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔